icon

انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ حکومت سندھ کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط

کراچی،10جولائی، 2023۔ حکومت سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ (پی پی پی یو) اور انفراضامن پاکستان لمیٹڈ (آئی زیڈ پی) نے سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ موڈ کے تحت انفراسٹرکچر پروجیکٹس مقامی کرنسی میں ضمانتی حل کی فراہمی کے لئے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اشتراک کا مقصد کریڈٹ گارنٹی کی سہولت پیش کرکے معاشی اور سماجی ترقی کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

اس معاہدے کی دستخطی تقریب کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پی پی پی پروجیکٹس سید قاسم نوید قمر نے کی جس میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے حکام اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پی پی پی یو کے ڈائریکٹر جنرل اسد زمین اور آئی زیڈ پی کی سی ای او ماہین رحمان نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے۔

سال 2010 میں قائم ہونے والا پی پی پی یو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کو فروغ دینے میں ایک اہم ادارہ بن کر ابھرا ہے جو نجی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اہم تعاون کے ذریعے منصوبے کی تیاری اور عملدرآمد میں سرکاری محکموں کی فعال طور پر معاونت کرتا ہے۔ کامیاب شراکت داری کو فروغ دینے والے ادارہ کے طوپر پی پی پی یو نے مختلف شعبوں میں متعدد منصوبوں کو مؤثر طریقے سے پیش کیا ہے ، جس کا متاثر کن حجم تقریبا 58 ارب روپے ہے۔ اس وقت یہ ایک وسیع پورٹ فولیو کا انتظام سنبھالتا ہے جس کی مالیت حیران کن طور پر 700 ارب روپے ہے۔ دی اکانومسٹ میگزین کے انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ "انفرااسکوپ 2018 "میں سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کو ایشیا میں چھٹا بہترین پروگرام قرار دیا گیا ہے جس سے اس کی عالمی سطح پر ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔

انفراضامن ایک جدت انگیز کریڈٹ بڑھانے کی حامل کمپنی ہے جسے پرائیویٹ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ گروپ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے تاکہ نجی شعبے اور پبلک / پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت انفراسٹرکچر پروجیکٹس کو فروغ دینے کے لئے قرضوں کی ضمانت جاری کی جائے۔ ان میں قابل تجدید توانائی، پانی سیوریج اور صفائی ستھرائی، بلک اسٹوریج / لاجسٹک سہولیات، ڈیجیٹل کمیونکیشنز اور بنیادی انفراسٹرکچر، سستی رہائش، صحت اور تعلیم اور زرعی انفراسٹرکچر پر توجہ مرکوز کرنے والے شعبے شامل ہیں۔

پی پی پی یو اور آئی زیڈ پی کے درمیان تعاون کی بدولت صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کے لئے باہمی فوائد پیدا ہوں گے۔ یہ اسٹریٹجک شراکت داری مالی شمولیت کو یقینی بنانے اور نظر انداز شعبوں کی بحالی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس میں جدت انگیز ٹیکنالوجی ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹس کے شعبے سمیت سندھ کے مجموعی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد پورے پاکستان میں جامع معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔