infrazamin

انفرا ضامن کی گارنٹی کے تحت بینک آف پنجاب کی زیر قیادت بینکوں کے کنسورشیم نے ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے لیے 4.76ارب روپے کی 10 سالہ اسلامی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ مکمل کرلی

انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ اور بینک آف پنجاب کی زیر قیادت بینکوں کے کنسورشیم نے آج ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے لیے 4.76ارب روپے کی 10 سالہ اسلامی سنڈیکیٹڈ ٹرم فنانس سہولت کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔ اس فنانسنگ کنسورشیم میں عسکری بینک لمیٹڈ، بینک آف پنجاب، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے مینڈیٹڈ لیڈ ایڈوائزرز اینڈ ارینجرز (MLAAs) کے طور پر کردار ادا کیا، جبکہ انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ نے 3.57ارب روپے کی کریڈٹ گارنٹی فراہم کی، جس کی بدولت اس منصوبے کے لیے 10 سالہ فنانسنگ ممکن ہو سکی۔ اس سرمایہ کاری سے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں جدید ترین مینوفیکچرنگ سہولیات میں توسیع کی جائے گی، جس سے پاکستان میں اسمارٹ فونز، کنزیومر الیکٹرانکس اور ہوم اپلائنسز کی مقامی پیداوار کو فروغ ملے گا اور ملک کی صنعتی ترقی اور درآمدی اشیا کے مقامی متبادل کو فروغ دینے کی حکمتِ عملی کو تقویت ملے گی۔

اس معاہدے میں انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ نے ضامن (Guarantor) کے طور پر ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کی جانب سے کریڈٹ گارنٹی فراہم کی۔ اس کریڈٹ گارنٹی کی بدولت کمپنیوں کو غیر معمولی طور پر طویل مدت کی فنانسنگ اور زیادہ سازگار مالی شرائط حاصل ہوئیں۔ بینک آف پنجاب نے انٹرکریڈیٹر ایجنٹ، انویسٹمنٹ ایجنٹ، سیکیورٹی ایجنٹ، اکاؤنٹ بینک اور شریعہ ایڈوائزر کے فرائض سرانجام دیئے، جبکہ عسکری بینک، بینک اسلامی پاکستان اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی پر مشتمل MLAA کنسورشیم نے بینک آف پنجاب کے ساتھ مل کر اس فنانسنگ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس فنانسنگ کے ذریعے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں جدید ترین مینوفیکچرنگ سہولیات قائم کی جائیں گی، جہاں دونوں کمپنیاں ہوم اپلائنسز، کنزیومر الیکٹرانکس اور اسمارٹ فونز کی مقامی پیداوار میں اضافہ کریں گی۔ یہ منصوبہ پاکستان کی صنعتی ترقی اور درآمدی اشیا ئ کے مقامی متبادل کی حکمت عملی کے مطابق ہے۔ اس کے علاوہ ایک میگاواٹ کا سولر پاور پلانٹ بھی نصب کیا جائے گا، جس سے ہر سال تقریباً 700 ٹن کاربن اخراج میں کمی آئے گی، پیداواری لاگت کم ہوگی اور ماحول دوست توانائی کے استعمال کو فروغ ملے گا۔

اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں ہر سال 10 لاکھ سے زائد کم قیمت اسمارٹ فونز تیار کئے جانے کی امید ہے، جس سے ڈیجیٹل سہولیات اور انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ اس تعمیراتی منصوبے کے پہلے پانچ سال کے دوران تقریباً براہِ راست روزگار کے 450 مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے جن میں سے 25 سے 30 فیصد ملازمتیں خواتین کے لیے مختص ہوں گی، جس سے پاکستان کے مینوفیکچرنگ شعبے میں خواتین کی شمولیت بڑھے گی۔

ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ پاکستان کے ٹیکنالوجی اور کنزیومر اپلائنسز سیکٹر کی نمایاں کمپنی ہے، جو موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات کی ڈسٹری بیوشن، ریٹیل اور مینوفیکچرنگ میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی نے سام سنگ، ایپل (مجاز ری سیلر)، شیاؤمی، ٹیکنو، آئی ٹیل، ایسر اور آئی میکی سمیت کئی عالمی برانڈز کے ساتھ شراکت داری قائم کر رکھی ہے۔

اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی، سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ، مقامی سطح پر اسمارٹ فونز اور کنزیومر اپلائنسز تیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ سلیکٹ نے عالمی برانڈز شیاؤمی اور ہائی سینس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے شیاؤمی کے اسمارٹ فونز اور ایل ای ڈی ٹی وی، جبکہ ہائی سینس کے ایئر کنڈیشنرز اور ایل ای ڈی ٹی وی کی مقامی سطح پر تیاری کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ یہ فنانسنگ سلیکٹ ٹیکنالوجیز کی کامیابی سے ابتدائی عوامی شیئرز کی فروخت (IPO) کے بعد حاصل کی گئی ہے، جو پاکستان کے کنزیومر الیکٹرانکس کی مینوفیکچرنگ شعبے پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔

اس موقع پر ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مظفر حیات پراچہ نے کہا، "ایئر لنک اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز ‘میڈ اِن پاکستان’ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انفرا ضامن کی کریڈٹ گارنٹی سے حاصل ہونے والی 10 سالہ فنانسنگ کی سہولت جدت، نئی مصنوعات متعارف کرانے اور سب سے بڑھ کر پاکستان کے نوجوانوں بالخصوص خواتین کے لیے براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا، ” ہم انفرا ضامن، معاہدے کے لیڈ ایڈوائزر بینک آف پنجاب، اور سینڈیکیٹڈ ممبرز بینک آف پنجاب، بینک اسلامی، عسکری بینک اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کے اعتماد اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔”

انفرا ضامن پاکستان لمیٹڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر، ماہین رحمان نے کہا، "ہمیں خوشی ہے کہ ہم ایئر لنک اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز کے ساتھ ان کے توسیعی منصوبوں میں شراکت دار ہیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل اور الیکٹرانک آلات کی مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا ہے۔ اس فنانسنگ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ڈیجیٹل شمولیت میں اضافہ ہوگا اور برآمدات کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔ اس تاریخ ساز سرمایہ کاری پر ہم اپنے مالیاتی شراکت داروں یعنی بینک آف پنجاب، عسکری بینک، بینک اسلامی اور پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی کی طرف سے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ ہم سب مل کر مقامی مینوفیکچرنگ کی توسیع، روزگار کے اچھے مواقع ، ڈیجیٹل شمولیت میں پیش رفت اور ایک مضبوط و پائیدار معیشت کے فروغ میں کردار ادا کر رہے ہیں۔”

بینک آف پنجاب کے ہیڈ آف انویسٹمنٹ بینکنگ، محمد متین فاروق نے کہا، "اس معاہدے کی کامیابی سے تکمیل تمام شراکت داروں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ مالیاتی اداروں، مشیروں اور صنعتی شراکت داروں کا باہمی اشتراک جدید مالیاتی حل فراہم کرنے میں نہایت اہم کردار کرتا ہے۔ میں تہہ دل سے ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ، سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ، MLAA میں شامل اداروں اور انفرا ضامن پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ سرمایہ کاری جدید ترین مینوفیکچرنگ سہولت گاہ کے قیام میں معاون ہوگی، جس سے پاکستان میں کنزیومر الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ کے شعبے کو مزید تقویت ملے گی اور مقامی مصنوعات تک رسائی بہتر ہوگی۔ یہ فنانسنگ اس شعبے میں ایک نئی مثال قائم کرے گی اور یہ واضح کرے گی کہ کریڈٹ گارنٹی کا نظام اہم صنعتی سرمایہ کاری کے لیے طویل مدتی سرمائے کی فراہمی کو ممکن بنا سکتا ہے۔

عسکری بینک لمیٹڈ میں انویسٹمنٹ بینکنگ کے ہیڈ، سید محمد دانیال شاہ نے کہا، "یہ معاہدہ بلینڈڈ فنانس کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے، جس کے ذریعے طویل مدتی نجی سرمایہ متحرک کرکے اہم صنعتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انفرا ضامن پاکستان کی کی کریڈٹ گارنٹی نے اس معاہدے کی کریڈٹ پروفائل کو مضبوط بنایا، جس کے نتیجے میں شریک مالیاتی ادارے بلینڈڈ فنانس نظام کے تحت طویل مدتی سرمایہ فعال کرنے کے قابل ہوئے۔ یہ جدید رسک شیئرنگ نظام کی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ کمرشل بینکوں و ترقیاتی مالیاتی اداروں کے درمیان تزویراتی شراکت داری کی کامیاب مثال ہے، جو نجی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے اور پائیدار معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ” عسکری بینک اپنے صارفین کی طویل مدتی سرمایہ کاری کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدید اور پائیدار مالیاتی حل فراہم کرنے کے عزم پر بدستور کاربند ہے اور صنعتی ترقی، معاشی استحکام، اور مالیاتی شعبے کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ ہم شریک مالیاتی اداروں اور انفرا ضامن پاکستان کے ساتھ مل کر ایسے تاریخی مالیاتی حل تشکیل دینے کے لئے پرعزم ہیں، جو پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں بلینڈڈ فنانس کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔”

پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے انویسٹمنٹ بینکنگ کے ہیڈ، خرم ندیم نے کہا، "ہمیں ایئر لنک گروپ کے توسیعی منصوبے میں شراکت داری پر فخر ہے، جس کا مقصد مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صف اول کے چینی مینوفیکچررز کے اشتراک سے ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ انفرا ضامن کی گارنٹی نے نجی شعبے کی فنانسنگ کو ممکن بنانے اور پاکستان کی صنعتی ترقی میں قابلِ تحسین کردار ادا کیا ہے۔”

بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ کے انویسٹمنٹ بینکنگ گروپ کے ہیڈ، سید علی ہاشم نے کہا، ” یہ تاریخی معاہدہ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ شرعی اصولوں سے ہم آہنگ جدید مالیاتی حل اہم صنعتی سرمایہ کاری کے لیے طویل مدتی سرمایہ متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مینڈیٹڈ لیڈ ارینجر کے طور پر بینک اسلامی کو فخر ہے کہ اس نے بینک آف پنجاب کے ساتھ مل کر اسلامی اصولوں کے مطابق اس فنانسنگ کا ڈھانچہ تیار کرنے میں کردار ادا کیا، جس سے ایئر لنک اور سلیکٹ ٹیکنالوجیز کو مقامی مینوفیکچرنگ بڑھانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انفرا ضامن کی گارنٹی نے بلینڈڈ فنانس فریم ورک کے تحت طویل مدت کی فنانسنگ کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا، اور اس طرح یہ معاہدہ پاکستان میں اسلامی سنڈیکیٹڈ فنانسنگ کے لیے ایک نیا معیار قائم کرے گا۔ بینک اسلامی پاکستان کی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے، معاشی استحکام کو فروغ دینے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے جدید اسلامی مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم پر قائم ہے۔”

یہ معاہدہ انفرا ضامن اور MLAA کنسورشیم کے اس عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ وہ پائیدار معاشی ترقی کو تیز کرنے اور پاکستان کے پیداواری شعبوں کو مستحکم بنانے کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرتے رہیں گے۔ یہ پاکستان کے صنعتی اور مینوفیکچرنگ شعبوں کے لیے پیچیدہ سنڈیکیٹڈ فنانسنگ معاہدوں کی تشکیل اور انہیں کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بینک آف پنجاب کے قائدانہ کردار کو بھی مزید اجاگر کرتا ہے۔